لاہور(اے پی پی)لاہور کی ضلع کچہری کی مقامی جوڈیشل عدالت نے ہنجروال لاہورسے اغوا ہونے والی چاربچیوں کو والدین کیساتھ جانیکی اجازت دے دی۔ لاہور کے علاقہ ہنجروال سے اغوا ہونے والی اور ساہیوال سے بازیاب کروائی جانے والی چاروں بچیوں کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ لڑکیوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم گھر سے سیر کرنے نکلی تھیں، ملزموں نے راستے سے اغوا کر لیا۔ ملزمان نے اپنے گھر میں قید رکھا اور وہاں سے ساہیوال لے گئے،ملزم ہمارا نکاح کروانا چاہتے تھے۔ ہنجروال سے اغوا ہونے والی ان چاروں بچیوں کے کیس میں اہم پیش رفت بھی ہوئی۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بچیوں سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی جس کے بعد چاروں بچیوں نے والدین کے ساتھ جانے کی استدعا کر دی اور کہا کہ ہم والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہیں۔