راولپنڈی(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ،غربت ،بیروزگاری اورمہنگائی نے غریب عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے، بجلی سمیت گندم، آٹا، گھی، چاول، دالوں اور سبزیوں کی قیمت بڑھ چکی ہے،تاجر برادری بھی کورونا وبا سے مشکلات کا شکار ہے، ہماری عدالتوں اورتھانوں میں انصاف نہیں،عوام غیر محفوظ ہیں بدامنی ہے،غیرملکی این جی اوز فحاشی کومزید فروغ دے رہی ہیں۔ جس ملک میں غریب کےلئے تعلیم نہ ہو، مفت علاج نہ ہو وہاں لوگ کیسے زندہ رہ سکتے ہیں۔ظلم و ناانصافی کا نظام مسلط ہے عوام اس ظالمانہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کےلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہے بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو اقدامات اٹھائے اس کے توڑ کےلئے حکومت کچھ نہ کرسکی،ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر کیا، سراج الحق نے کہاراولپنڈی کے تین روزہ دورے کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقاتوں کے بعد شدید احساس ہوا کہ سارے لوگ پریشان حال ہیں، تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد بیروزگار ہیں۔