بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بہاولپور میں ستلج ریلوے پل کو تباہ کرنیکا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 5طالبان دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا، دہشت گرد وں سے انتہائی خطرناک 5بموں سمیت اسلحہ اوردھماکا خیزمواد برآمدکر لیا گیا، بم گھی کے ڈبوں میں بجری کے اندر دبا کر رکھے گئے تھے اور لیپ ٹاپ کیساتھ منسلک تھے،بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا، دہشت گرد وں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ریلوئے ستلج پل سے 5مبینہ دہشت گردوں کواس وقت گرفتار کرلیا جس وقت وہ ریلوے پل کواڑانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے،دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ خطرناک بم،بھاری اسلحہ اور دھماکا خیزمواد سمیت لیپ ٹاپ برآمد کرلئے گئے اوران کونامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گرد ریلوے پل کو اڑاناچاہتے تھے۔ دہشت گردوں کاتعلق مبینہ طورپر تحریک طالبان پاکستان سے بتایاجاتاہے۔ اس حوالے سے بم ڈسپوزل کمانڈر شاہ دین نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پانچوں بم گھی کے پانچ پانچ کلو والے کنستروں میں بجری کے اندر دباکر رکھے گئے تھے اوراس کواس اندازمیں بنایاگیاتھاکہ اگر یہ پھٹ جاتے توبڑی تباہی پھیلاسکتے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ان بموں کولیپ ٹاپ کے ساتھ منسلک کیاگیاتھاجوایک ہی وقت میں تباہ کئے جاسکتے تھے۔بموں کو انتہائی جدید طریقہ کار کے ساتھ باحفاظت ڈی فیوز کردیاگیاہے۔