اداکارہ میرا کا ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی ارشد ندیم سے متعلق کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔
اداکارہ میرا ناصرف پاکستان بلکہ بھارتی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جو ہر دکھا چکی ہیں، انگریزی اور دیگر مسائل میں ہر وقت گھری رہنے والی اداکارہ خبروں میں بھی خوب رہتی ہیں۔
اس بار بھی ٹوکیو اولمپکس کےجیولین تھرو مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھا کر فائنل میں پہنچنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کرکٹر کہہ بیٹھیں اور اپنا مذاق ایک بار پھر بنوا لیا۔
اداکارہ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ارشد ندیم کی اولمپکس میں اچھی ’کرکٹ‘ کھیلنے پر تعریف کر رہی ہیں۔
میرا کا وائرل ویڈیو میں کہنا ہے کہ ’ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے بہت اچھا کھیلا، کھیل کے دوران ان کی محنت نظر آرہی تھی۔‘
اداکارہ میرا نے مزید کہا کہ ’ارشد ندیم کی باڈی لینگویج میں ایمانداری نظر آرہی تھی، ایک ڈسپلن تھا، ارشد ندیم نے بہت اچھا کھیلا حکومت کو بھی ہمارے ہیروز پر توجہ دینی چاہیے۔‘
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے فائنل مقابلے میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔