ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشد ندیم گزشتہ روز تمغہ تو نہ جیت سکے مگر پوری قوم کے دل جیت جیتنے میں کامیاب ضرور ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز ارشد ندیم تمغے کی دوڑ سے باہر نکل گئے جبکہ اُن کے مدِ مقابل بھارتی کھلاڑی نے یہ مقابلہ جیت لیا۔
ارشد ندیم اولمپکس میں کسی سپورٹ کے بغیر، بھرپور محنت، لگن اور اپنے بل بوتے پر فائنل راؤنڈ میں پہنچے۔
ارشد ندیم کی اپنی مدد آپ کے تحت یہاں تک پہنچنے اور پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے کی خواہش نے جہاں پاکستان کے عام عوام کو اپنا گرویدہ بنایا ہے، وہیں ارشد ندیم نے پاکستانی شوبز ستاروں اور کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں اور بلند حوصلوں پر داد دینے پر مجبور کر دیا ہے۔
کل سے انٹر نیٹ پر ارشد ندیم کے چرچے ہیں اور اُن کی حوصلہ افزائی کے لیے معروف شخصیات بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
ان معروف شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم، انسٹا گرام اور ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہوئے ارشد ندیم کو قوم کا فخر قرار دیا جا رہا ہے اور اُن کا شکریہ بھی ادا کیا جا رہا ہے۔
ارشدندیم کی بھر پور حمایت اور انہیں یہاں تک پہنچنے کے لیے مبارک باد دینے والوں میں قومی کھلاڑی حسن علی، اداکار عمران اشرف، یاسر حسین، گلوکار عاصم اظہر اور فخرِ عالم سمیت متعدد نام سرِ فہرست ہیں۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں گزشتہ روز بھارت کے نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم پانچویں پوزیشن پر رہے۔
دونوں ایتھلیٹس ہم عمر سہی، دونوں کا تعلق پڑوسی ملکوں سے سہی، لیکن دونوں کو ملنے والی سہولتوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔