وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے 13 اگست کو اپنا جلسہ اور آتش بازی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث 14 اگست لال حویلی پر آتش بازی نہیں ہوگی، کورونا کے باعث 13 اگست کا جلسہ منسوخ کردیا ہے۔
’نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں‘
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری سے منسوخ ہے، نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے، نوازشریف کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے انہیں واپس آنا چاہئے، نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کرلیں یا پناہ حاصل کرلیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے، اقتدار میں ہوں تو بھڑکیں مارتے ہیں، اقتدار سے اتر جائیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی ہے آئندہ 6 ماہ میں ریجن میں کیا حالات ہونے والے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی نے بیان دیا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائےگی ، اس ملک میں بھٹو پھانسی لگ گیا لیکن چڑیا نہیں پھڑکی۔
شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر آنا والے افغان وفد واپس چلا گیا،افغان وفد کو تحقیقاتی رپورٹ وزارت خارجہ کے ذریعہ حوالے کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا، قوم سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کشمیر کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے، سی پیک اور کشمیر کے لیے قوم یک زبان ہے۔
داسو ڈیم واقعے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ داسو ڈیم کا وزیر خارجہ بتائیں گے، داسو ڈیم واقعے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیخلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو ناکام بناناہے، بھارت اور اسرائیل ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزارت کو اسلحہ لائسنس کے اجرا ء کی اجازت مل گئی ہے ، وہ وقت چلاگیا جب ایک ایک لاکھ لائسنس جاری کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 1122 سروس شروع کرنے لگے ہیں ، وزیراعظم جلد ہی ریسکیو1122 کی 20 گاڑیوں کا افتتاح کریں گے ۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کرائم ریٹ بڑھ رہاہے، پولیس کی نفری کم ہے اس کو بڑھانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کے ساتھ ہوں اس کے ساتھ کھڑا ہوں ، جو سیاسی لڑائی لڑے گا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوکر اس کا مقابلہ کروں گا۔