اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے شیخ رشید کی میڈیا ٹاک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید سیاسی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ شہید بھٹو کے کروڑوں عقیدت مند آج بھی زندہ ہیں جبکہ شیخ رشید جیسے لاوارثوں کے پیچھے کوئی بھی نہیں ہوگا،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل آج بھی قوم کے دل پر گہرا زخم ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو دنیا کے واحد سیاستدان ہیں جن کو دی جانے والی پھانسی پر ان کے کئی جانثاروں نے خودسوزی کی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید اور مادر جمہوریت نے اقتدار پر قابض ٹولے کے غیرآئینی، غیراصولی اور ناجائز اقتدار کے خلاف بھرپور جدوجہد کی۔