تہران، پیرس (اے ایف پی) ایران میں وزارت صحت نے کہا ہے کہ پیر کے روز کورونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد 40ہزار سے تجاوز کرگئی، ملک میں مسلسل دوسرے روز کورونا کے نئے کیسز اور وائرس سے ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران40ہزار 808نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 588 افراد وائرس سے ہلاک ہوگئے۔ دنیا بھر کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کے باوجود کورونا سے کم یا زیادہ متاثر ہونے والے لوگوں کی بڑی تعداد ریکارڈ پر نہیں آئی ہے۔ اتوار کے روز دنیا بھر میں کورونا سے 8002 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ 4 لاکھ 85 ہزار 978 نئے کیسز سامنے آئے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ اموات انڈونیشیا میں 1475 ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد روس میں 769 اور ایران میں 588 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امریکا میں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کی تعداد 6 لاکھ 16 ہزار 829 ہے جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے زائد ہے۔ ایران میں اب تک 41 لاکھ 99 ہزار 537 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 94 ہزار 603 ہوگئی ہے۔ ایرانی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے ہلاکتوں اور کیسز کے حقیقی اعدادوشمار مذکورہ تعداد سے بھی کئی زیادہ ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 42 لاکھ 94 ہزار 735 ہوگئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک دنیا بھر میں 20 کروڑ 28 لاکھ 13 ہزار 740 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سرکاری اعدادوشمار کے مقابلے میں کورونا کے کیسز اور ہلاکتوں کی اصل تعداد تین گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔