کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سوا تمام جماعتیں نرسریوں کی پیداوار ہیں، ہم کسی کے نہیں عوام کے اشارے پر چلتے ہیں، دیکھتے ہیں ہمارے دوست کب اسلام آباد میں دھرنا دیتے اور حکومت گراتےہیں، تحریک عدم اعتماد لائیں تو وفاق اور پنجاب کی حکومتیں فوراًگر سکتی ہیں، عدم اعتماد لائیں تو میں اب بھی حاضر ہوں، پھر واشنگٹن جارہا ہوں ان کی چیخیں سننے والی ہونگی، وزیراعظم نے کراچی کیلئے 1100ارب پیکیج کا اعلان کیا آج تک ایک اینٹ نہیں لگائی، یہ حکومت جلد جا رہی ہے، پرویز مشرف کی طرح کپتان کو بھی بھگائیں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی وقت ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کررہی ہے، حکومت غیرمستحکم ہوچکی ہے، عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں،آنے والی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، پیپلزپارٹی کی محنت پر اپوزیشن اور اسلام آباد کو تکلیف ہوتی ہے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو شکست دینگے، افغانستان کی صورتحال کے بعد دہشت گردوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہوگا، عمران خان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وائی ایم سی اے گراو نڈ منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ بڑی شخصیات پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہی ہیں، پیپلز پارٹی میں نچلی سطح سے لے کر اوپر تک شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور اپوزیشن کی جماعتیں کراچی کیلئے کچھ کرنے کو بھی تیار نہیں ہیں اور نہ دوسروں کو کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی ہے تو یہی وجہ ہے کہ سارے لوگ پیپلزپارٹی کی طرف آرہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کی بہت عزت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں یکساں اپوزیشن حکومت کو نقصان پہنچاسکتی ہے، اگر جمہوری انداز میں سیاست کی جائے تو ہم نہ صرف نقصان پہنچا سکتے ہیں بلکہ نقصان پہنچا کر دکھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب پی ڈی ایم، پی پی پی کی بات مان رہی تھی اور پالیسی اپنا رہی تھی تب اپوزیشن مسلسل جیت رہی تھی، چاہے وہ 11 کے 11 ضمنی الیکشن ہوں، حالانکہ ہماری اپوزیشن جماعتیں نہیں چاہتی تھیں کہ ہم ضمنی انتخابات میں حصہ لیں۔بلوچستان میں دیگر جماعتوں سے شمولیت کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ ماضی میں اشاروں پر چلی ہے، نہ آج اور نہ ہی آئندہ چلے گی بلکہ عوام کے اشاروں پر چلتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دیگر جماعتیں 100 فیصد نرسریوں سے بنی ہوئی جماعتیں ہیں تو جب وہ پیپلزپارٹی کو سیاست کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ ہم ان کی طرح اشاروں پر چلتے ہیں۔ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ برس کراچی کیلئے 1100 ارب کے پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک ایک اینٹ بھی نہیں لگائی اور کراچی اور صوبے کے عوام کو صرف تکلیف پہنچائی ہے۔