• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی بیان جھوٹ کا پلندہ، افغانستان کی اندرونی سیاست سے تعلق نہیں، شیخ رشید

اسلام آباد(اے پی پی‘ٹی وی رپورٹ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ اسرائیل ، بھارت اور این ڈی ایس مل کر پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، دشمن ہمارے مشرق اور مغرب دونوں طرف مسائل پیداکرنا چاہتا ہے، پاکستان سے مقبوضہ کشمیرمیں دہشت گرد بھجوانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘کسی کے عقیدے کو چھیڑیں گے نہ اپنے عقیدے کو چھوڑیں گے‘ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ اورجھوٹ کاپلندہ ہے‘ افغانستان کی اندرونی سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ، تمام سرحدیں بند ہیں‘افغانستان جانے اور افغانوں کا مسئلہ جانے‘منصوبہ بندی کے تحت الزام تراشی کی جا رہی ہے، اسمارٹ آئی ڈی کارڈز میں کئی مزید فیچر شامل کئے جا ئیں گے۔ منگل کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی ، فور جی سروس 10 محرم تک بند رہے گی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ سرحد پر باڑ لگی ہوئی ہے۔ پاکستان سے کسی دہشت گرد کے جانے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ اگر بھارتی وزیر داخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ پیش کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سے پہلےجو 7 ملین شناختی کارڈز جاری ہوئے ان کا جائزہ لیاجائےگا ۔داسو کے واقعہ کے حوالے سے بھی تحقیقاتی اداروں نے اپنا کام مکمل کر لیاہے ۔ افغانستان کامسئلہ افغانوں نے حل کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی جرمنی چلی گئی ہیں ۔ انہوں نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا ۔ ہم نے ان کا فون نمبر اور تفصیلات مانگی ہیں جو ہمیں فراہم نہیں کی گئیں۔

تازہ ترین