اسلام آباد(صباح نیوز)مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج (بدھ کو)اسلام آباد میں ہوگا۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس سے قبل متحرک ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے پی ڈی ایم اجلاس کے سلسلے میں پارٹی قائد نواز شریف سے فون پر مشاورت کی، دونوں رہنمائوں نے حکومت مخالف تحریک تیزکر نے اورپی ڈی ایم کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی زیرصدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور خطے کی صورت حال پر غور ہوگا۔پی ڈی ایم اجلاس میں شہباز شریف،آفتاب شیرپاو،اویس نورانی، ،شاہد خاقان عباسی،محمود اچکزئی بھی شرکت کرینگے۔