اسلام آباد(نمائندہ جنگ )پاکستان نے چمن ، سپین بولدک سرحد پر آمدروفت کے دورانیے میں اضافہ اور افغان باشندوں کو افغانی دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دیدی ہے جبکہ افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے یہ فیصلہ ہماری شرائط کو تسلیم کرتے ہوئے کیا ہے،پاکستانی حکام کے مطابق حکومت نے سرحد پر آمدروفت کے دورانیے میں پانچ گھنٹے مزید اضافے کا فیصلہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ’پہلے سرحد کورونا ایس او پیز کی وجہ سے صبح آٹھ بجے سے گیارہ بجے تک کھلی رہتی تھی، اب ہر روز صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک آمدروفت کی اجازت ہوگی۔اس دوران پیدل آمدروفت کے ساتھ ساتھ تجارتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو بھی آنے جانے کی اجازت ہوگی، اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔