لاہور(نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں اور عوام کے مفادات میں واضح ٹکراؤہے ۔ سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے پیروکار وں نے معیشت اور اداروں کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ پہلے ہی کہاتھا حکومت بجٹ ٹارگٹس غریبوں کا خون نچوڑ کر پورے کرے گی ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی پھر تیاری ہورہی ہے ۔ عالمی مالیاتی اداروں کے اشاروں پر ایسے ہی سرنڈر ہوتارہا تو خدانخواستہ ملک مکمل ڈیفالٹ کر سکتاہے ۔ قوم کے پاس واحد راستہ سرمایہ داروں ، مافیاز اور وڈیروں سے نجات ہے ، جس کیلئے جمہوری اور پرامن جدوجہد کرناہوگی ۔ وہ لاہور کینٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں اور منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا عوام نے باقی پارٹیوں کو آزما لیا اب جماعت اسلامی پر اعتماد کریں ۔ دو فیصد ارب پتیوں نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہواہے قوم ان کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ ہمیں خدمت کا موقع ملا تو عمر فاروق ؓ کا نظام لائیں گے ، جہاں حکمرانوں کو اپنے اثاثوں سے متعلق عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا ۔ لوگ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری کا بھر پور مظاہرہ کریں۔