ا سلام آباد ( نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی نے پاناما لیکس کے معاملے پر کراچی سے خیبر تک ٹرین مارچ کا اعلان کیا ہے جب کہ سراج الحق کا کہنا ہے پاناما لیکس والوں کے لئے اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑ جائے گی،جماعت اسلامی پاکستان نے 23 مئی سے کرپشن خصو صاً پا ناما لیکس کے خلاف کراچی سے خیبرٹرین مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔14 مئی کو باجوڑ ،15 مئی کو کوہاٹ،29 مئی کو چترال میں کرپشن فری پاکستان مہم کے تحت جلسے کیے جائیں گے۔ یہ اعلان امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون کے حوالے سے ایک بل قومی اسمبلی میں جمع کرایا جائیگا۔