• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم مردان کی معطلی کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے، سردار بابک

پشاور (نیوز ڈیسک  )  عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع ناظم و نائب ناظم مردان کی معطلی کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے اے این پی کی طاقت کو کسی صورت نہیں دبا سکتے ،اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی اس سلسلے میں اپنے وکلاء کے مشورے سے قانو نی راستہ اختیار کرے گی اور اس مذموم اقدام کے خلاف بھرپور طریقے سے قانونی جنگ لڑی جا ئیگی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی اور دہشتگردوں کی معاونت سے اقتدار حاصل کرنے والوں کا مینڈیت ہم نے نہ چاہتے ہوئے بھی تسلیم کیا تا کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچایا جا سکے ، تاہم اخلاقیات سے عاری حکمرانوں نے اختیارات کا نا جائز استعمال کرتے ہوئے اے این پی کے ناظم کو معطل کر دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن زدہ حکمران اے این پی کی مقبولیت سے خائف ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کے کرتا دھرتا عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور اے این پی کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ، سردار بابک نے کہا کہ اے این پی اس اقدام کے خلاف خاموش نہیں رہے گی اور پارٹی قائدین کے فیصلے کے مطابق لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گی۔
تازہ ترین