لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ذاتی انا اور عناد سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنا ہوں گے خودمختار پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ملک کی خدمت کی۔ بھائی چارے، رواداری اور تحمل مزاجی کو اپنا کر قوم کو یکجا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ معاشی، دفاعی، علمی، اخلاقی، سماجی اور سفارتی لحاظ سے خودمختار پاکستان ہی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔پاکستان کے 74ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ ملک خداداد لازوال قربانیوں اور ایک عظیم جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا۔ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا اس کی تعبیر کیلئے مسلمانان ہند نے قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بھرپور جدوجہد کے نتیجے میں تاریخ رقم کی۔ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے اس ملک کی خدمت کی ہے اور اقوام عالم میں عزت کا مقام دلوانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں۔ آج کا دن اس عزم کے اعادے کا بھی دن ہے کہ اس ملک کو حقیقی معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں خراج تحسین کی مستحق ہیں جو مردوں کے شانہ بشانہ پاکستان کی عزت و وقار بڑھانے میں پیش پیش ہیں۔