• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16 برس میں پہلی بار بلندترین اضافہ ہوا، عبدالرزاق داؤد

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ پر مسرت کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ صنعتوں کیلئے موجودہ حکومت کی دوستانہ اور بہترپالیسیوں کی بدولت ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 16 برسوں میں پہلی بار بلندترین اضافہ ریکارڈکیاگیاہے ۔گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ مالی سال 2021 میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 14.85 فیصد کی شرح سے نموہوئی ، یہ گزشتہ 16 برسوں میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اضافہ کی بلندترین شرح ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صنعتوں کی زبوں حالی کا دور ختم ہورہاہے اوریہ سب موجودہ حکومت کی صنعتوں کیلئے دوستانہ اوربہترپالیسیوں کی بدولت ممکن ہوا۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل، فوڈ، بیوریجز، تمباکو، پیٹرولئیم، فارماسیوٹیکل، معدنیات، آٹوموبائل، فرٹیلائزیرز اورآئرن وسٹیل مصنوعات کی پیداوارمیں اضافہ ہواہے۔ ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں گزشتہ مالی سال کے دوران 14.85 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے جس سے کورونا کی عالمگیروباکے تناظرمیں اقتصادی بحالی اورمعاشی نمو کی عکاسی ہورہی ہے۔ مئی 2021 کے مقابلہ میں جون کے مہینہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.36 فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈکی گئی ہے جبکہ جون 2020 کے مقابلہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 18.42 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 3.98 فیصد، خوراک، مشروبات وتمباکو 2.38فیصد، کوک و پیٹرولیم مصنوعات 0.96فیصد، فارما 1.01فیصد، کیمکلز 0.48 فیصد، غیردھاتی معدنی مصنوعات 3.31 فیصد، آٹو موبائل 2.17 فیصد، آئرن اینڈسٹیل 0.58 فیصد، کھادیں 0.47 فیصد اورپیپر اینڈ بورڈ کی پیداوارمیں 0.13 فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔

تازہ ترین