بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں پسند کی شادی کرنے والے شخص نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد تھانے جا کر روتے ہوئے گرفتاری دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ نوجوان سچن کانپور کے مہاراج پور تھانے میں ہفتے کی صبح پہنچا اور پولیس افسر کو مخاطب کرنے کے بعد روتے ہوئے کہا کہ سر میں نے اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا ہے، اس کی لاش گھر میں کمبل میں لپٹی پڑی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ بیوی کے قتل کے بعد وہ تقریباً چار گھنٹے تک شہر میں گھومتا رہا اور فرار ہونے کے بارے میں بھی سوچا، مگر آخرکار خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔
جس کے بعد پولیس فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے کر موقع واردات پر پہنچی، جہاں اس کی بیوی شویتا کی لاش برآمد ہوئی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق سچن اور شویتا کا تعلق ضلع فتح پور کے موہن پور گاؤں سے تھا۔ دونوں نے اہل خانہ کی مرضی کے خلاف کورٹ میرج کی تھی۔ شادی کے بعد وہ پہلے سورت گئے، جہاں سچن فیکٹری میں کام کرتا تھا، بعد ازاں دونوں کانپور منتقل ہو گئے اور کرائے کے کمرے میں رہنے لگے۔ یہاں سچن آٹو رکشہ چلا کر گزر بسر کر رہا تھا۔
پولیس تفتیش میں سچن نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے شویتا کے کردار پر شک کر رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی کے بینک اکاؤنٹ میں بار بار رقم جمع ہوتی تھی، جس کے بارے میں وہ دعویٰ کرتی تھی کہ یہ رقم اس کی دادی کی جانب سے آتی ہے۔ سچن کو محلے کے سامنے رہنے والے نوجوانوں پر بھی شبہ تھا۔
جمعہ کے روز سچن نے اپنی بیوی کو جانچنے کے لیے ایک منصوبہ بنایا۔ اس نے فون پر جھوٹ کہا کہ وہ دوستوں کی پارٹی میں جا رہا ہے اور رات کو گھر نہیں آئے گا، مگر کچھ دیر بعد اچانک واپس آ گیا۔ اس کے مطابق، کمرہ کھلا تھا اور شویتا دو مقامی نوجوانوں کے ساتھ موجود تھی۔
واقعے کے بعد شدید جھگڑا ہوا، جس پر پڑوسیوں نے پولیس کو کال کر دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور تمام افراد کو تھانے لے جایا گیا۔
نوجوانوں نے وضاحت دی کہ وہ صرف بیٹھے ہوئے تھے، جس پر پولیس نے دونوں میاں بیوی کو سمجھا بجھا کر گھر بھیج دیا اور معاملہ باہمی طور پر حل کرنے کی ہدایت کی، تاہم گھر پہنچنے کے بعد جھگڑا دوبارہ شدت اختیار کر گیا۔
سچن کے مطابق شویتا نے کہا کہ اگر وہ اسے مار بھی دے تو وہ دوسرے مردوں کے ساتھ ہی رہے گی۔ اسی غصے میں آ کر میں نے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا، قتل کے بعد میں کئی گھنٹے باہر جا کر بیٹھا رہا۔
ملزم کا کہنا ہے کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے کے لیے گھر چھوڑا تھا، اب نہ اس کا کوئی ہے اور نہ میرا۔ اسی لیے میں نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔