• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولنگ کوچ نے ویسٹ انڈیز سے شکست کا ملبہ فیلڈنگ پر ڈال دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ  وقار یونس نے کہا ہے کہ شکست میں ڈراپ کیچز کا عمل دخل بہت تھا، جب موقع ملے اور اس سے فائدہ نہ اٹھائیں تو نقصان ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹیسٹ بہت اچھا ہوا، بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں رہا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ شکست میں ڈراپ کیچز کا عمل دخل بہت تھا، جب موقع ملے اور اس سے فائدہ نہ اٹھائیں تو نقصان ہوگا۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ بولرز نے پورے ٹیسٹ میں بہت جان ماری، چھوٹا ہدف تھا، بولرز کا کام مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے، 3 مواقع ملے لیکن فائدہ نہیں اٹھایا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ دوسرا ٹیسٹ جس وکٹ پر ہوگا اس میں بھی ایسی ہی کنڈیشن ہوگی، جمیکا کی وکٹ بولرز کو مدد فراہم کر رہی ہے۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نہیں تھی۔

ٹیم میں اضافی اسپنر سے متعلق انہوں نے کہا کہ نعمان علی اچھے اسپنر ہیں لیکن وکٹ ایسی نہیں تھی کہ فنگر اسپنر کو موقع دیا جاتا۔

ٹیم پر تنقید سے متعلق وقار یونس کا کہنا تھا کہ جب اچھے نتائج نہیں آئیں گے تو تنقید تو ہوگی، میری کارکردگی کو پی سی بی لازمی مانیٹر کر رہا ہے، وہی بہتر جواب دے سکیں گے۔

رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر بات کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی یو اے ای میں ہے جہاں کی کنڈیشن سے پاکستان ٹیم بخوبی واقف ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں کوشش کریں گے جو غلطیاں کیں وہ نہ دہراہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے شروع ہوگا۔

تازہ ترین