• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی کیخلاف سندھ بھر میں وکلا کی ہڑتال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر کے وکلا کی جانب سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ایڈہاک جج سپریم کورٹ میں تعینات کرنے کیخلاف ہڑتال کی گئی، ہڑتال کے دوران وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، وکلا نے سندھ ہائیکورٹ کی عمارت سمیت سٹی کورٹ کے داخلی دروازے بند کردیئے گئے، وکلا کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی، ہڑتال کی وجہ سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،جنرل سیکرٹری کراچی بار عامر نواز وڑائچ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ ایڈہاک بنیاد پر تعیناتی کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ بار کی جانب سے آل پاکستان وکلا کنونشن منعقد کیا جارہا ہے، تمام وکلا تنظیمیں مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعینات کرنے کیخلاف منگل کے روز سندھ بار کونسل ، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت تمام وکلا تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی گئی ۔ وکلا تنظیموں کے اعلان کے بعد سندھ ہائی کورٹ ، سٹی کورٹ ، ملیر کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا ۔ وکلا تنظیموں کی جانب سے تمام وکلا کو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے اور عدالتوں میں پیش نہ ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں سندھ بھر کے وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا ۔ سندھ ہائی کورٹ میں وکلا مرکزی دروازے پر ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئے تھے اور سندھ ہائی کورٹ کی عمارت کا مرکزی دروازہ وکلا کے داخلے کیلئے بند کردیا گیا تھا جبکہ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران ہدایت کرتےرہے کہ وکلا تعاون کریں، عدالتی بائیکاٹ کریں۔ ہڑتال کے دوران ہائی کورٹ میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔ اسی طرح سٹی کورٹ میں بھی کراچی بار کے تحت ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران وکلا نے سٹی کورٹ کے داخلی دروازے بند کردیئے جس کی وجہ سے سائلین کی بڑی تعداد سٹی کورٹ کے دروازوں پر جمع تھی ۔ دوسری جانب جنرل سیکرٹری کراچی بار عامر نواز وڑائچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ججز تعیناتی کی کوئی واضح پالیسی ہونی چاہیے، ججز کی تعیناتی میں پسند ناپسند کے عنصر کو ختم کیا جانا چاہیے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اپنی قابلیت کی وجہ سے عہدے پر ہیں، اگر وہ چیف جسٹس کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں تو سپریم کورٹ میں بھی فرائض انجام دے سکتے ہیں۔دریں اثناء سندھ بارکونسل کی جانب سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سپریم کورٹ میں ایڈہاک کی جج کے طورپر تقرری کے نوٹیفکیشن کے اجراءکے خلاف سندھ بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کی اپیل پرحیدرآباد کے وکلا نے بھی عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کیا اورپیش نہیں ہوئے جسکے باعث منگل کو مقدمات کی سماعت ملتوی کرکے ججز نے نئی تاریخیں دیدیں۔

تازہ ترین