• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسی کارکردگی پر حکومت کو منہ چھپانا چاہیئے: حمزہ شہباز

مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت خوشیاں منا رہی ہے، ایسی کارکردگی پر تو منہ چھپانا چاہیئے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کرتی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا، سبز باغ دکھانے کی حقیقت بھی سامنے آ گئی، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں تاریخی سطح پر پہنچ گئیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔

پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ آٹا، چینی، گوشت، دودھ، دالوں سمیت کھانے پینے کی اشیاء 50 فیصد سے بھی زائد مہنگی ہو چکیں۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی آٹے، چینی، گھی وغیرہ کی قیمتیں بڑھا دی گئیں ، افراط زر 20 فیصد سے زائد ہو چکا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ساڑھے 5 فیصد والی ترقی کی شرح 1 فیصد پر لے آئے۔

حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ادارۂ شماریات کے مطابق پاکستان کا ہر 16 واں گھر غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو چکا ہے۔

تازہ ترین