• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان کا حکومت سازی کیلئے بات چیت کے نتائج منظر عام پر لانے کا اعلان


افغان طالبان نے جامع حکومت سازی کے لیے بات چیت کے نتائج جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا۔

افغان میڈیا نے طالبان عہدیداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان سیاستدانوں اور عالمی نمائندوں کے ساتھ جامع حکومت بنانے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

طالبان عہدیداروں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں اور عالمی نمائندوں سے بات چیت کے نتائج جلد منظر عام پر لائے جائیں گے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان قیادت کے سینئر رہنما امیر خان متقی نے افغان سیاستدانوں سے ملاقات میں جامع حکومت کے قیام پر زور دیا ہے۔

طالبان عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان طالبان کے رہنما جلد منظر عام پر آئیں گے، دنیا طالبان رہنماؤں کو دیکھے گی کوئی رازداری نہیں رہے گی۔

طالبان قیادت نے سابق افغان صدر حامد کرزئی، سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور حزب اسلامی کے سربراہ حکمت یار سے ملاقاتیں کی ہیں۔

افغانستان میں موجود سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کے سلسلے کا نیا دور قندھار سے ملا عبدالغنی برادر کے کابل پہنچنے کے بعد شروع ہوگا۔

ملا عبدالغنی برادر جو گزشتہ روز قطر سے قندھار پہنچے تھے، دوحہ سے روانگی سے قبل انہوں نے قطری وزیر خارجہ سے اہم ملاقات بھی کی تھی۔

اس سے قبل افغان طالبان نے افغانستان میں اپنی فتح کا جشن نہ منانے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ افغان شہریوں کو ہتھیار، گولہ بارود مختار طالبان ارکان کے حوالے کرنے ہوں گے۔

تازہ ترین