اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی تین سالوں میں نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد بھی نہ رکھ سکی حالات جوں کے توں ہیں اور دعوے آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں آنے والے دنوں میں خارجہ اور داخلہ محاذوں پر پاکستان کی ذمہ داریاں مزید بڑھیں گی ۔ حکمرانوں کی صلاحیت کے بارے میں پریشان ہوں ، اللہ تعالیٰ انہیں بصارت اور حوصلہ دے ۔خواتین کی ہراسمنٹ اور عصمت دری کے ہوشربا واقعات ہورہے ہیں ۔ ہمیں اسوہ رسول سے رہنمائی لینا ہوگی ۔واقعہ کربلا پوری انسانیت کے لیے درسگاہ ہے ۔ اسلام جمہوریت اور شورائی نظام کا علمبردار ہے ۔ امام حسین ؓ نے شخصی آمریت کے خلاف جہاد کیا اور ان اصولوں کو زندہ رکھا جس کی بنیاد پر نبی اکرم نے مدینہ ریاست کی بنیاد رکھی ہے ۔ افسوس کہ پاکستانی حکمران ملک کو مدینہ ریاست نہ بناسکے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوںنے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔سراج الحق نے کہاکہ مینار پاکستان پر قوم کی ایک بیٹی کے ساتھ پیش آنے والا سانحہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اس سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا،جماعت اسلامی نے بیٹیوں بہنوں کی عزت وناموس کی حفاظت کے لیے زینب بل میں ایسے ملزمان کے لیے سزائے موت تجویز کی تھی، امیر جماعت نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت اور مارشل لاءکے تمام تجربات مکمل طور پر ناکام ہوگئے ، ریاست مدینہ اور حقیقی تبدیلی صرف اور صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے افغانستان میں فتح کے بعد جس تحمل اور برد باری کا مظاہرہ کیا ، وہ قابل ستائش ہے ۔ دنیا کو طالبان کی افغانستان میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مدد کرنی چاہیے ۔ یقین ہے افغانستان میں جو حکومت بننے جارہی ہے اس سے پورے خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔