کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کے کوآرڈیینیٹر برائے پبلک افئیرز بلال خان کاکڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے روایتی حسن اور خوبصورتی کی بحالی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان پورے صوبے سمیت کوئٹہ کو خاص اہمیت دے رہے ہیں ،صوبائی دارالحکومت کی خوبصورتی میں وزیراعلیٰ جام کمال خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی دلی خواہش ہے کہ کوئٹہ شہر کا شمار بین الاقوامی طرز کے جدید اور خوبصورت شہروں میں ہو جس کے لیے موجودہ حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ا ور یہ اقدامات اور ترقیاتی منصوبے عوام کو زمین پرنظر آ رہے ہیں، صوبائی حکومت تمام شہریوں کی بلا تفریق زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے صوبائی درالحکومت میں مختلف سڑکوں کی کشادگی اور توسیع پر تیزی سے کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے روایتی حسن اور خوبصورتی کی بحالی اور شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے کچھ ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب اور کچھ مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ کا بہت جلد آغاز ہونے والا ہے جس سے کوئٹہ شہر کا پورا نقشہ بدل جائے گا۔