• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے کربلا کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں: بزدار

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں، ہمیں باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔

یومِ عاشور پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا حضرت امامِ حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے جان دے دی لیکن باطل کے سامنے سر نہ جھکایا، تاریخ میں شہید زندہ رہتے ہیں، ظالم کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا ہے۔

سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دینِ اسلام کے آفاقی اصولوں، امن پسندی، صبر، برداشت اور اخلاقی اقدار کو قیامت تک کے لیے زندہ کر دیا۔

تازہ ترین