پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اداکار فیروز خان کی خراب اداکاری پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔
حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں عتیقہ اوڈھو نے تبصرہ کرتے ہوئے فیروز خان کو ان کی خراب پرفارمنس پر آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے فیروز خان کی اداکاری پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ فیروز خان کا مسئلہ ہے کہ وہ اپنے ہیروازم سے باہر نہیں نکل سکتے، کردار چاہے کوئی بھی ہو وہ ہمیشہ خود کو ہیرو ہی سمجھتے ہیں جو ان کی اداکاری میں بھی جھلکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب فیروز اداکاری کرتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ اداکاری کر رہے ہیں جبکہ ایک اچھا اداکار وہ ہے جو کرداروں میں ڈھل جائے، فیروز کرداروں میں ڈھلنے کے بجائے ہمیشہ ہیروازم میں رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے کردار کمزور پڑ جاتے ہیں۔
عتیقہ اوڈھو کا یہ بھی کہنا ہے کہ حالانکہ فیروز کے حالیہ تمام ڈرامے ہٹ ہیں، اچھے جا رہے ہیں لیکن ان کی پرفارمنس کوریوگرافی محسوس ہوتی ہے، ہیرو نظر آنے کے چکر میں وہ ہر وقت ایک ہی انداز میں دکھائی دیتے ہیں، جو ایک بہتر اداکار بننے میں رکاوٹ ہے۔