وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سب افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، کوئی بھی وہاں خونریزی نہیں چاہتا، ہمیں احساس ہےکہ کچھ امن مخالف قوتیں’’اسپائیلرز‘‘ کا کردار ادا کرنے کیلئے متحرک ہیں۔
افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سب چاہتےہیں طالبان اور سابقہ حکمران مل کر ایسا سیاسی ڈھانچہ بنائیں جس میں سب شامل ہوں۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہم افغانستان سے پر امن انخلاء کے حامی ہیں، پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، کابل میں تعینات ہمارے سفیر کے بھی مختلف شخصیات سے رابطے ہو رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان آئےافغان وفد کی وزیراعظم اور مجھ سے ملاقات میں تبادلہ خیال ہوا ہے، یہ افغان قیادت کی فہم و فراست کا امتحان ہے کہ وہ ان چیلنجز سے کیسے نمٹتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کی عوام امن چاہتی ہے، سب امن کے خواہاں ہیں،دنیا دیکھنا چاہتی ہے کہ طالبان جو کہہ رہے ہیں کیا اس پر عمل بھی کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دوسرے فریق کو بھی افغانستان کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے،جو افغانستان میں بےامنی کا خواہاں ہے وہ افغان عوام کی بہتری نہیں چاہ رہا، ہم افغانستان کی بہتری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔