• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا سائٹس پر افغان صارفین کے اکاؤنٹس تک عارضی طور پر رسائی محدود

افغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد فیس بک ، ٹوئٹر اور لنکڈ اِن نے افغان صارفین کے اکاؤنٹس تک عارضی طور پر رسائی کو محدود کردیا ہے۔

فیس بک کے سیکیورٹی پالیسی کے سربراہ نیتھنیل گلیشر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹ نے اپنے افغان صارفین کے اکاؤنٹس کی فرینڈ لسٹ دیکھنے یا تلاش کرنےکی صلاحیت کو ختم کردیا ہے۔

گلیشر نے یہ بھی بتایا کہ کمپنی نے افغانستان میں صارفین کے لیے اپنے اکاؤنٹس کو لاک کرنے کے لیے’ون کلک ٹول‘ لانچ کیا ہے ، اس لیے جو لوگ ان کے فیس بک فرینڈ نہیں ہیں وہ انکی ٹائم لائن پوسٹس دیکھنے یا انکی پروفائل فوٹو شیئر کرنے سے قاصر ہوں گے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹرکا کہنا ہے کہ ادارہ سول سوسائٹی کے شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ملک میں موجود گروپس کو مدد فراہم کی جا سکے اور انٹرنیٹ آرکائیو کے ساتھ کام کر رہا ہے تاکہ آرکائیوڈ ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے براہ راست درخواستوں پر عمل درآمدکو تیز کیا جا سکے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر افراد ایسی معلومات والے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں جو انہیں خطرے میں ڈال سکتے ہیں ، جیسے ڈائریکٹ میسیجز اور فالوورز تو کمپنی عارضی طور پر ان اکاؤنٹس کو معطل کر سکتی ہے جب تک کہ صارفین دوبارہ رسائی حاصل نہ کر لیں اور ان کے مواد کوڈیلیٹ نہ کر سکیں۔

ٹوئٹر نے یہ بھی کہا کہ ویب سائٹ سرکاری اداروں سے وابستہ اکاؤنٹس کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے اور ایسےاکاؤنٹس کو عارضی طور پر معطل کر سکتی ہے جن کی شناخت کی تصدیق کے لیے اضافی معلومات زیر التوا ہیں۔

جبکہ لنکڈ اِن جوکہ مائیکروسافٹ کی ملکیت میں کام کرنےوالی پروفیشنل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے، لنکڈ اِن کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے افغانستان میں اپنے صارفین کے کنکشن عارضی طور پرچھپادیے یعنی (Hide) کردیے ہیں تاکہ دوسرے صارفین انہیں نہ دیکھ سکیں۔

خیال رہے کہ انسانی حقوق کے تنظیموں نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ طالبان افغانوں کی ڈیجیٹل ہسٹری یا سماجی روابط کو ٹریک کرنے کے لیے آن لائن پلیٹ فارم استعمال کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی رواں ہفتے کہا تھا کہ ہزاروں افغان ، بشمول ماہرین تعلیم ، صحافی اور انسانی حقوق کے محافظ ، طالبان کے جوابی حملے کے شدید خطرے میں ہیں۔

اس کے علاوہ افغان ویمن فٹ بال ٹیم کی سابق کپتان نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کردیں اوراپنی عوامی شناخت مٹا دیں۔

تازہ ترین