بریڈفورڈ ویسٹ سے رکن برطانوی پارلیمان ناز شاہ نے کہا ہے رسول اکرم ﷺ میری سب سے بڑی رہنمائی اور رول ماڈل ہیں، آج کا دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے خوشی اور مسرت کا باعث ہے۔
ناز شاہ ایم پی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج سے 1500 قمری سال قبل حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں بریڈفورڈ ویسٹ اور دنیا بھر کے ان تمام افراد کو مبارک باد پیش کرتی ہوں جو اس دن کو خوشی اور عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جانتی ہوں کہ یہ دن میرے لیے کتنی خوشی کا باعث ہے اور دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے اس کی کتنی اہمیت ہے۔
ناز شاہ نے اپنے پیغام کے آخر میں معروف برطانوی مصنفہ اور سماجی مصلح انی بیسنٹ کا قول بھی شامل کیا ’’یہ ناممکن ہے کہ کوئی شخص حضور اکرم ﷺ کی زندگی اور سیرت کا مطالعہ کرے اور ان کی عظمت کو سلام نہ کرے، وہ عظیم پیغمبروں میں سے ایک تھے جنہیں خدا نے بھیجا، ہر بار جب میں آپؐ کی حیاتِ طیبہ پر دوبارہ غور کرتی ہوں تو میرا احترام اور عقیدت بڑھ جاتا ہے۔‘‘
ناز شاہ نے یہ پیغام اپنے فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا ہے، جہاں ہزاروں افراد نے اس پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔