• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، خواتین کو ہراساں، پاکستان کیخلاف نعرے لگانے پر 25 افغان گرفتار

پشاور(نمائندہ جنگ)پشاور پولیس نے امن و امان کو خراب کرنے ،خواتین کو ہراساں کرنے اور پاکستان کے خلاف نعرے لگانے پر غیرقانونی طور پر مقیم 25افغان مہاجرین سمیت 50افراد کو گرفتار کرلیا۔ حیات آباد سے گرفتار افغان شہریوں کو 14 روزہ جویشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔حیات آباد اور یونیورسٹی ٹائون میں مظاہرین نےخواتین کو ہراساں کیا اور پولیس پرپتھرائو بھی کیا،پولیس کے مطابق یوم عاشور کی شب حیات آباد اور یونیورسٹی ٹائون میں افغان مہاجرین کی جانب سے اپنے قومی پرچم کے حق میں جلوس نکالا گیا جس کے دوران نہ صرف پاکستان کے خلاف نعرے لگائے گئے بلکہ اس دوران خواتین کو ہراساں کرنے سمیت اشتعال انگیز بیانات دیئے۔ معاملے کا علم ہونے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تو افغان مہاجرین نے ان پر بھی پتھرائو کیا۔ دوسری جانب واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے مزید نفری طلب کرلی اور اشتعال انگیزی کرنے میں ملوث 25 افغان مہاجرین سمیت 50افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار مہاجرین غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے جن کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

تازہ ترین