نئی دہلی (جنگ نیوز)طالبان کے 7سب سے طاقتور رہنماؤں میں سے ایک شیر محمد ستانکزئی انڈین ملٹری اکیڈمی دہرہ دون سے تربیت یافتہ ہیں۔ بھارتی فوجی کے ایک سابق جنرل اور ستانکزئی کے بیچ میٹ کا کہنا ہے کہ ستانکزئی مذہب کی جانب کبھی مائل نہیں رہے۔شیر محمد عباس ستانکزئی نے بھارت کے اہم ترین فوجی تربیتی ادارے دہرہ دون کے انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) کے 1982 بیچ میں تربیت حاصل کی تھی۔60 سالہ ستانکزئی طالبان کے سات سب سے طاقتور رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ ستانکزئی کے ساتھ تربیت حاصل کرنے والے بھارت کے سابق میجر جنرل ڈی اے چترویدی نے بتایا کہ ستانکزئی جب آئی ایم اے میں داخل ہوئے تو ان کی عمر بیس برس تھی۔