• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی مقامات پر مردوں پر پابندی عائد کی جائے: بختاور بھٹو زرداری

سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے خواتین کے تحفظ کے لیے عوامی مقامات پر مردوں کی پابندی کا مطالبہ کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک خاتون صحافی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا ذکر کیا جس میں اُنہوں نے بتایا کہ ’وہ کئی سال پہلے یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھیں کہ وہاں موجود تقریباََ 100 مردوں نے اُن کے ساتھ نامناسب سلوک کیا۔‘

خاتون صحافی نے کہا کہ ’میں کوئی ٹک ٹاکر یا یوٹیوبر نہیں ہوں بلکہ ایک صحافی ہوں اور میں وہاں اپنے فرائض انجام دے رہی تھی، اس کے باوجود بھی میرے ساتھ وہی سلوک کیا گیا جو مینارِ پاکستان پر خاتون کے ساتھ ہوا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے جب ڈرتے ہوئے وہاں موجود پولیس سے مدد مانگی تو اُنہوں نے جواباََ کہا، بی بی! ہم صرف 4 اہلکار ہیں اور وہ 140 مرد ہیں، ہم کیسے اُنہیں روک سکتے ہیں۔‘

صحافی کے ان ٹوئٹس پر ردّعمل دیتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ ’یہ ایک اور تکلیف دہ واقعہ ہے، پولیس نے پورا منظر دیکھنے کے باوجود بھی مدد سے انکار کیا۔‘

بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہتھیاروں کا استعمال کیا جاسکتا تھا۔‘

اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’عوامی مقامات پر مردوں پر پابندی عائد کی جائے۔‘

بختاور بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ’ہمیں خواتین کی حفاظت کے لیے مزید خواتین کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔

اوباش نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔

خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تازہ ترین