لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کے خلاف صاف پانی ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادوں کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔
دورانِ سماعت سابق سی ای او صاف پانی وسیم اجمل کی حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی گئی۔
عدالت نے وسیم اجمل کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے سماعت پر مزید کارروائی 11 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
ریفرنس میں شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران، داماد عمران علی اور دیگر پر قومی خزانے کو 2 کروڑ 47 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔