کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی تھی لیکن افغان بورڈ نے پیشکش مسترد کردی اور بضد رہے کہ وہ سیریز سری لنکا میں کھیلیں گے۔ تاہم سری لنکا میں کورونا کی وجہ سے10روز کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان افغانستان سیریز کے امکانات ختم ہو گئے ہیں تاہم حتمی فیصلہ اتوار کو متوقع ہے۔افغانستان کے لئے میزبانی کے فرائض سری لنکا بورڈ نے انجام دینے تھے۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ غیر یقینی صورتحال اور کابل میں کمرشل فلائٹس آپریشن کے مسائل کی وجہ سے افغانستان کو سری لنکا پہنچنے میں مشکلات تھیں، ایسے میں پاکستان نے سیریز کرانے کی پیشکش کی جسے سری لنکا نے نہیں مانا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے یہ منصوبہ تھا کہ پاکستان ٹیم چارٹرڈ فلائٹ پر لاہور سے ہمبن ٹوٹا جائے گی۔فلائٹ کے اخراجات پی سی بی برداشت کرتا۔افغان بورڈ کاپلان تھا کہ اس کے کھلاڑی سڑک کے راستے پاکستان آئیں اور یہاں سے وہ براستہ دبئی سری لنکا جائیں۔یہ تجویز بھی تھی کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ایک چارٹرڈ فلائٹ پر جائیں اور دونوں بورڈز اخراجات شیئر کریں ۔اس حوالے سے پی سی بی کا شعبہ انٹر نیشنل کرکٹ اور لاجسٹکس ڈپارٹمنٹ مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام معاملات طے ہونے کے بعد اس بارے میں اعلان کیا جائے گا۔