• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ کا اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نااہلی کی انتہا، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گردشی قرض میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نااہلی کی انتہا ہے،تین سال میں عوام کے ساتھ ملک پر بھی مالیاتی بوجھ بڑھتا جارہا ہے، بجلی کی ترسیل میں نقصانات، بلوں کی وصولیوں سمیت توانائی کے شعبے کا ہر پہلو افسوسناک، پی ٹی آئی نے بجلی کا سارا ملبہ اور بوجھ عوام کے سر ڈال دیا ہے، یہ کیسی مینجمنٹ ہے؟بجلی کی قیمت بڑھ گئی، سبسڈیز میں کٹوتی ہوگئی، پھر بھی گردشی قرض بڑھ گیا؟ چوری اور نااہلی اور کیا ہوتی ہے؟ عوام کو بجلی کی قیمت بھی زیادہ ادا کرنا پڑی اور گردشی قرض بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ۔گزشتہ روز وزارت توانائی کی رپورٹ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی رپورٹ حکومت کے تین سال کی کارکردگی کے خلاف چارج شیٹ اور چشم کشا ہے تین سال میں گردشی قرض دوگنے سے زیادہ ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے پر یہ قرض تقریبا 1 کھرب تھا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی ترسیل میں نقصانات، بجلی کے بلوں کی وصولیوں سمیت توانائی کے شعبے کا ہر پہلو افسوسناک ہے ۔ دسمبر 2020 تک گردشی قرض صفر کرنے کے پی ٹی آئی کے دعوے بھی تین سال میں منہ کے بل گر چکے ہیں۔

تازہ ترین