مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور اور پنجاب نیب فارغ ہو چکی اب راولپنڈی نیب سے طلبی کی خبر آگئی، یہ ایک کرپٹ ٹولہ ہے اور عمران خان اس کے سرپرست ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں احسن اقبال، عظمیٰ بخاری اور عطا اللّٰہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ 3.3 ٹریلین کے منصوبے لگانے والے پر 45 لاکھ کے پودے لگانے کا الزام لگایا گیا، نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔
اُنہوں نے کہا کہ لاہور کو بنجر کر دیا گیا، پنجاب کو گند کا ڈھیر بنا دیا، ملک ٹھیکے پر دینے والے پوچھتے ہیں شہباز شریف نے احسن اقبال کے بھائی کو ٹھیکہ دے دیا۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مافیاز کی جیبیں بھرنے والوں کو انعام دیا جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بعد عمران ایف آئی آر گٹھ جوڑ شروع ہو گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان تین برسوں میں نیب، عمران خان اور شہزاد اکبر سب تھک گئے ہیں۔