• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سانحہ مواچھ گوٹھ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائے، سراج الحق

حکومت سانحہ مواچھ گوٹھ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائے، سراج الحق 


کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وفاقی وصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ مواچھ گوٹھ کے 13شہداء کے قاتلوں اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، سانحہ مواچھ گوٹھ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دینگے، شہد اء کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کرینگے، صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن سید عبد الرشید تحریک التواء جمع کرواچکے ہیں،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز شیر پاؤ کالونی میں جماعت اسلامی ضلع ملیر کے ڈپٹی سیکرٹری معراج خان سواتی اور اے این پی کے ضلعی رہنما فرمان خان کے خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 13افراد کی المناک شہادت پر ان سے اور انکے خاندان سے تعزیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع ملیر محمد اسلام،معراج خان سواتی، فرمان خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی اور اے این پی ودیگر جماعتوں کے کارکنان و ذمہ داران اور اہل محلہ کی بڑی تعداد جمع تھی جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، محمد اسحاق خان،سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،پیپلز پارٹی کے شاہ جہاں اور دیگر بھی موجود تھے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ یہ بہت بڑا سانحہ ہے لیکن افسوس کہ حکومت نے اسے نظر انداز کردیا ہے اسی لیے متاثرہ خاندان، اہل علاقہ اور انکے ہمدرد احتجاج کررہے ہیں،حکومت کو خود ایکشن لینا چاہیے تھا اور ایسے اقدامات کرنے چاہیے تھے کہ لوگوں کو اطمینان ہوتا حکومت جاگ رہی ہے لیکن حکومت تو عملاً سورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تحت 25ایجنسیاں کام کررہی ہیں، وہ سب کہاں ہیں اور کیا کرہی ہیں؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہمارے بھائیوں کے خاندان پر بہت بڑا ظلم اور غم کا پہاڑٹوٹا ہے،مجرموں اور قاتلوں کو انجام تک پہنچانا ضروری ہے اور یہ کام حکومت کا ہے کہ وہ دیکھے کہ یہ واردات کن لوگوں نے کی ہے۔اس سانحے پر اہل علاقہ اور مختلف سیاسی ودینی جماعتوں نے جو کردار ادا کیا وہ یقینا قابل قدر اور لائق تحسین ہے لیکن جو کام حکومت کا ہے وہ اسے لازمی کرنا ہوگا۔نہ صرف اس واردات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کا فرض ہے۔

تازہ ترین