کراچی میں کلفٹن کے قریب سمندر کے کنارے پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن آج ایک ماہ بعد سودمند رہا ہے، جہاز کا رخ سمندر کی طرف کردیا گیا ہے جبکہ انجن بھی اسٹارٹ ہوگئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ بحری جہاز منگل کی دوپہر تک مکمل طور پر نکال لیا جائے گا۔
بحری جہاز ’ہینگ ٹونگ 77‘ کے ریسکیو آپریشن میں سرگرم گڈانی کی شپ بریکنگ کمپنی کے ذرائع کے مطابق بحری جہاز نکالنے کیلئے فلوٹنگ ’باج‘ استعمال کیا جارہا ہے یہ ’باج‘ کھلے سمندر میں ہینگ ٹونگ 77 سے ہزار میٹر کے فاصلے پر موجود ہے جس پر ہیوی کرین نصب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شپ بریکنگ میں استعمال ہونے والے مضبوط اینگل کو بحری جہاز اور کرین سے منسلک کیا گیا ہے۔
کمپنی ذرائع کے مطابق آج کی گئی پہلی کوشش کے دوران جہاز پرانی جگہ سے 200 میٹر سمندر کی طرف آگیا ہے اور اس کا رخ بھی تبدیل کرکے سمندر کی طرف کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاز کا انجن اسٹارٹ ہوگیا ہے، سمندری مدوجزر کی وجہ سے آج آپریشن روکنا پڑا ہے۔
کمپنی ذرائع نے ایک ماہ سے زائد دنوں سے پھنسے ’ہینگ ٹونگ 77‘ کو منگل کی دوپہر تک نکالنے کی امید ظاہر کی ہے۔ سال 2011 میں تیار ہونے والا ’ہینگ ٹونگ 77‘ ہینگر ٹوٹ جانے کی وجہ سے کلفٹن کے قریب سمندر کنارے ریت میں دھنس گیا تھا۔
پانامہ میں رجسٹرڈ ’ہینگ ٹونگ 77‘کا وزن 2250 ٹن ہے اور اس پر کنٹینرز لوڈ ہیں۔