پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے زیراہتمام کھیلے جانے والے دو ایونٹس ایس جی ایل انڈر 17 جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ اور انڈر21 جونیئر نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا کامیابی سے اختتام ہوا۔ لاہور میں انڈر 17 جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ میں پنجاب کے احسن رمضان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نے اپنے ہی صوبےکے حمزہ الیاس کو شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا بریک 119 کا رہا جو حمزہ الیاس نے کھیلا جبکہ انڈر 21 جونیئرکا ٹائٹل شیخ مدثر نے حاصل کیا۔ اس چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی پنجاب کے شیخ مدثر نے اپنے ہی صوبے کے احسن رمضان کوشکست دے کرچیمپئن شپ جیتی۔
دونوں ایونٹس کی فائنل تقریب کا انعقاد ایک ساتھ ہوا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن عالمگیر شیخ تھے۔ اس موقع پر سی گولڈ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے سی او او محمد بلال، ڈائریکٹر پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور نصر اللہ رانا، ایس وی پی پنجاب اسنوکر ایسوسی ایشن ایم بی غوری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نوید کپاڈیہ بھی موجود تھے۔
عالمگیر شیخ، محمد بلال اور نصر اللہ رانا نے دونوں ایونٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستانی کھلاڑیوں نے عالمی دنیا میں اس کھیل میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے، حقیقت یہ ہے کہ اس کھیل میں ملکی نام ر وشن کرنے والے کھلاڑیوں کی وہ حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی جس کےوہ حقدار ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں کھیل اور کھلاڑی کو پروموشن دینے کیلئے بھرپور کام کیا جاتا ہےاور ان مشکلات اور پریشانیاں دور کی جاتی ہیں لیکن ہمارے ملک میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مایوس کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود کھلاڑی ملک سے وفاداری کا بھرپور ثبوت دیتے ہیں اور اپنی بہترین کاوشوں سے میڈلز کا حصول ممکن بناتے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان خود ایک بڑے اسپورٹس رہے ہیں انہیں کھلاڑیوں کی مشکلات اور تکالیف کا احساس بھی یقینی طور پر ہوگا۔ کیا ہی اچھا ہوگا کہ وہ خود اسپورٹس کے معاملات کو براہ راست د یکھیں اور کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری کیلئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر عالمگیر اے شیخ نے محمد بلال، نصر اللہ رانا اور ایم بی غوری یادگاری شیلڈز دیں۔
ڈاکٹر محمد بلال نے انڈر 21 کے فاتح مدثر شیخ کو ٹرافی اور 50 ہزار روپے، نصراللہ رانا نے انڈر 21 رنرز اپ احسن رمضان کو ٹرافی اور 25 ہزار روپے، نصر اللہ رانا نے انڈر21 چیمپئن شپ میں سب سے بڑا 116 کا بریک کھیلنے پر احسن رمضان کو 5000 روپے، محمد بلال نے انڈر 17 چیمپئن احسن رمضان اور رنرز اپ حمزہ الیاس کوٹرافیاں اور بالترتیب 50 اور 25 ہزار روپے اور ایم بی غوری نے سب سے بڑا 119 کا بریک کھیلنے پر حمزہ الیاس کو 5000 روپے انعام دیا۔
انڈر21 چیمپئن شپ میں سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے چار، چار جبکہ بلوچستان اور اسلام آباد سے دو، دو کھلاڑیوںنے شرکت کی۔ 16 کھلاڑیوں کوچار، چار کے چار گروپ میں تقسیم کیا گیا ۔ ہر گروپ سے دو، دو کھلاڑیوںنےکوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ تمام لیگ میچز بیسٹ آف 5 فریمز، کوارٹر فائنل بیسٹ آف 7، سیمی فائنلز بیسٹ آف 9 اور فائنل بیسٹ آف 11 فریمز پر مشتمل تھے۔