کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نیشنل ہائی وے پر آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو ٹینکر جل گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کے مطابق ملیر میں نیشنل ہائی وے پر شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے قریب ویلڈنگ کرنے کے دوران شعلہ بھڑکنے سے ایک ٹینکر کو آگ لگ گئی جو تیل کی وجہ سے پھیل گئی اور برابر میں کھڑے ہوئے ایک اور ٹینکر کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، وہاں جمع ہونے والے لوگوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر آتشزدگی سے کافی دور کردیا۔
فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو طلب کیا، فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، آگ بجھائے جانے تک ٹینکر کافی حد تک جل چکے تھے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق آگ حادثاتی طور پر لگی تھی جس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔