افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ میڈیا کو افغانستان میں کام کرنے کی مکمل اجازت ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجود غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے یہ بات کہی۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد کے ساتھ عبدالقہار بلخی، سردار شکیب اور مولوی سعدالدین بھی موجود تھےجن کے ہمراہ انہوں نے صحافیوں کے مسائل بھی سنے۔
اس موقع پر افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ جب حکومت بن جائے گی تو صحافیوں کو نقل و حرکت کی سہولت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صورتِ حال ابھی واضح نہیں ہے، آپ لوگ محتاط ہو کر فلم بندی کریں۔
ترجمان طالبان نے مزید بتایا کہ صحافیوں کی سہولت کے لیے 3 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے رہے ہیں۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ صحافی دنیا کو افغانستان کی اصل تصویر دکھائیں، 10 دن پہلے کی سیکیورٹی کی صورتِ حال کا آج سے موازنہ بھی کریں۔