اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے بھارت سی پیک کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے‘افغانستا ن میں تما م بھارتی سفارت خانے پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہے تھے‘ افغانستان میں تبدیلی سے بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔
انڈیا کو منہ کی کھانا پڑی ‘شکست ان کے چہروں پر نظر آرہی ہے جبکہ پاکستانی قوم خوش ہے‘پاکستان افغانستان کے کسی معاملے میں براہ راست ملوث نہیں ہے‘اپنا فیصلہ افغانوں نے خود کرنا ہے ‘ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان میں دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے ۔
دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی، عمران خان ٹکا کے 5 سال پورے کریں گے صرف مولانافضل الرحمان کو افغانستان کی صورتحال کا ادراک ہے‘ پی ڈی ایم کے باقی کھلاڑی انڈر نائنٹین ہیں ۔
بدھ کو اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کیساتھ کھڑا ہے،افغانستان کا مسئلہ افغانوں کا مسئلہ ہے، وہ باہمی افہام وتفہیم سے اپنے معاملات طے کر رہے ہیں‘دستانے پہنے ہاتھ چینیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر سی پیک کیخلاف سرگرم ہیں لیکن دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی،وزیراعظم عمران خان چند روز میں افغانستان کی صورتحال پر ساری دنیا سے بات کریں گے۔