کراچی (اسٹا ف رپورٹر ) سندھ بھر کے وکلا کی جانب سے سکھر ٹول پلازہ پر وکلا اور ٹول پلازہ اسٹاف کےجھگڑے کے معاملے پر ہڑتال کی گئی ۔ ہڑتال کے دوران وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔ وکلا ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ ہڑتال کی وجہ سے عدالت کا رخ کرنے والے سائلین اور سرکاری افسران رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ٹول پلازہ پر وکلا اور ٹول پلازہ اسٹاف کے جھگڑے کے معاملے پر سندھ بار کونسل کی جانب سے سندھ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کی اپیل کی گئی جس پر سندھ ہائی کورٹ بار ، کراچی بار اور ملیر بار کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا ۔ وکلا تنظیموں کے اعلانات پر سندھ بھر کے وکلا کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ ، خصوصی عدالتوں اور سٹی کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی گئی ۔