اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، تاپی سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے ترکمانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔شاہ محمودنے جمعرات کو اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان خطے میں تجارت، معاشی ترقی اور روابط کے فروغ کے حوالے سے یکساں طور پر منفعت کا باعث ہو گا۔دریں اثناءپاکستان اور ترکمانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جمعرات کو اشک آباد میں ہوئے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے جمعرات کو تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔