ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان میں صحت کی سہولیات بارے اچھی خبر سامنے آئی ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے ملتان میں نئے کینسر ہسپتال کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ہزاروں کینسر کے مریضوں کو ریلیف ملے گا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے گزشتہ روز کینسر ہسپتال کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اس موقع پر موضع عالمگیر اور موضع لاڑ میں 15 ایکٹر سرکاری اراضی کے تعین کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے سرکاری اراضی کے حوالے سے بریفننگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران کینسر ہسپتال کے لیے زمین کے انتخاب کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات بارے ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔ نشتر ٹو کی تکمیل کے ساتھ کینسر ہسپتال کے کام کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔