وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جو غیر ملکی دستاویزات کے ساتھ پاکستان آنا چاہے اسے 21 دن کا ٹرانزٹ ویزا دیں گے۔ عمران خان تھکی اپوزیشن سے نہیں جا رہے۔ مولانا فضل الرحمن بدلتے حالات میں قومی ذمہ داری ادا کریں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کابل سے 15 سو لوگ نکالے۔ ایک ہزار 480 افراد طور خم کے راستے یہاں پہنچے، چمن اور طور خم بارڈر کھلے ہوئے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کا واویلا کھسیانی بلی کھمبا نوچے والا ہے۔ اسے دہشت گردی اور سی پیک پر منہ کی کھانا پڑی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا پشاور کی جانب اور اپوزیشن کراچی کی جانب جارہی ہے۔ اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف آنا چاہیں تو 24 گھنٹے کے اندر پاسپورٹ مل سکتا ہے۔ سیاستدان لوٹ مار کا پیسہ باہر بیٹھ کر کھاتے ہیں یہ لوگ قبر کے لیے وطن آجاتے ہیں رہنے کے لیے نہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خطے کی بدلتی صورتِ حال میں پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتیں منفی سیاست کررہی ہیں۔
شیخ رشید نے لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں امن و امان اور سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، کبھی زبانی جمع خرچ نہیں کیا، عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔