• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، بلاول بھٹو


بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ غریب دشمنی، بے روزگاری ہے، خود جس کو اپنا روزگار سیلیکٹ ہوکر ملا ہے وہ پاکستانی عوام سے روزگار چھین رہا ہے۔

ٹنڈو الہٰ یار میں کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، پیپلز پارٹی ہی اس سلیکٹڈ کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کو ذوالفقار بھٹو نے شروع کیا تھا، 10 ہزار افراد کو بے روزگار کردیا گیا۔

 پی پی چیئرمین نے کہا کہ جن 16 ہزار افراد کے پاس روزگار تھا ان کو پارلیمان نے روزگار دیا تھا، پارلیمان سپریم ادارہ ہے، جو کام پارلیمان کرواتا ہے وہ کوئی نہیں روک سکتا، اگر پارلیمان نے ان 16 ہزار لوگوں کو روزگار دیا ہے تو کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ ان سے روزگار چھینا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے شہید بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور تاریخ رقم کی، بےنظیر بھٹو نے ایک نہیں دو آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، قائد عوام کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیالے جانتے ہیں اپنے حقوق کا تحفظ کیسے کیا جاتا ہے، جیالے جانتے ہیں احتجاج اور جلسہ کیسے کیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے دنوں اپنی تین سال کی تباہی کا جشن منایا، عمران خان کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے، تبدیلی کا اصل چہرہ غریب دشمنی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری کے دور میں پوری دنیا میں معاشی بحران تھا، آصف زرداری نے اپنے دور میں لوگوں کو لاوارث نہیں چھوڑا، ہمارے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 120 فیصد اضافہ ہوا۔

تازہ ترین