ٹنڈوالہ یار(نامہ نگار)چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل سرکار نے مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلوا دیں،موجودہ وفاقی حکومت کے دور میں غربت اور مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جسکی مثال ماضی کی کسی بھی حکومت میں نہیں ملتی، تین سال میں وفاقی حکومت کی یہ کامیابی ہے کہ پاکستان میں مہنگائی بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی زیادہ ہے یہ خان صاحب کی تبدیلی ہے، اب ملک کا بیڑا غرق کر کے عمران خان نیازی اور ان کے حواری تین سالہ تباہی پر جشن منا رہے ہیں، پارلیمان نے16ہزارلوگوں کوروزگاردیاتوکسی کو اجازت نہیں دینگےکہ ان سےروزگارچھینے،جن 16 ہزار افراد کے پاس روزگارتھا ان کوپارلیمان نے روزگاردیا تھا، سندھ پبلک سروس کمیشن کو غیر فعال کر کے سندھ کے نوجوانوں سے نا انصافی کی جا رہی ہے۔وہ ٹنڈو الہیار میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو اور عبدا لستار بچانی نے بھی خطاب کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں ٹنڈو الہیار آنے کی بڑی خوشی ہوئی ہے، یہاں آنے کا مقصد آپ کو ہوشیار کرنا ہے کہ ایک مرتبہ پھر تیار ہو جائو اس نا اہل حکومت سے جان چھڑائیں، آپ سب جانتے ہیں کہ اس ملک میں صرف پیپلزپارٹی ہی اس سلیکٹڈ نا اہل حکومت کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور میں غربت اور مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کی مثال ماضی کی کسی بھی دور حکومت میں نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ پی پی جب بھی اقتدار میں آتی ہے وہ ہمیشہ ہر شعبے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی ہے، کسانوں اور پینشنرز کا بھرپور ساتھ دیا جاتا ہے مگر وفاقی حکومت کی طرف سے عوام سے انکا روزگار کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب غریب عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہے ہیں، ہم سب کو مل کر اس نا اہل حکومت کو ختم کرنا ہے ملک میں پی پی کا راج قائم کرنا ہے اور ایک عوامی حکومت لانی ہے۔