• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبزیوں میں مفید غذائی اجزاء، وٹامنز، معدنیات اور ریشہ وغیرہ پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرِ اغذیہ زیادہ سے زیادہ سبزیاں استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ مگر دیکھا گیا ہے کہ جب بھی سبزی بنائی جائے، تو کچھ خاص رغبت سے نہیں کھائی جاتی۔ یاد رکھیے، سبزیوں کے استعمال سے قوّتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔ اور ہمارا طاقت وَر دفاعی نظام ہی ہمیں مختلف عوراض سےمحفوظ رکھتا ہے۔ تو لیجیے، آج ہماری جانب سے پیش ہیں، چند مزے دار سبزیوں کی تراکیب۔

شملہ مرچ قیمہ

اجزاء: قیمہ(گائے کا) آدھا کلو،شملہ مرچ (کاٹ لیں) چار عدد، دہی دو کھانے کے چمچ،پیاز(کاٹ لیں)ایک عدد،ثابت دھنیا آدھا چائے کا چمچ،لونگ چھے عدد،دار چینی ایک ٹکڑا، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ٹماٹر(کاٹ لیں) دو عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،ثابت کالی مرچ حسبِ ِ منشاء، سفید زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،ہری مرچ چار عدد،پانی حسبِ ضرورت اور تیل ایک کپ۔

ترکیب: ایک پتیلی میں تیل کڑکڑا کر پیاز فرائی کرلیں۔ پھر اس میں لونگ، دار چینی، کالی مرچ اور نمک ڈال کر بھون لیں۔ اس کے بعد قیمہ شامل کرکے اتنا بھونیں کہ رنگت بدل جائے۔ اب اس میں ٹماٹر، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں، تاکہ ٹماٹر گل جائیں۔ اس کے بعد دیگر اجزاء (پانی کے علاوہ) شامل کرکے خُوب اچھی طرح بھون لیں۔ پھر پانی مِکس کرکے درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے ،تو شملہ مرچ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں اور ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر 5 منٹ کے لیے دَم دے دیں۔

سبزی پلاؤ

اجزاء: چاول (آدھا گھنٹہ پہلے بھگو دیں)آدھا کلو،پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، بندگوبھی(کاٹ لیں)ایک عدد، گاجر (کیوبز میں کاٹ لیں) تین عدد، مٹر آدھا کلو، شملہ مرچ (کیوبز میں کاٹ لیں) تین عدد،آلو(کیوبز میں کاٹ لیں) دو عدد،پھول گوبھی( درمیانے سائز کی ،کاٹ لیں) ایک عدد،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،ٹماٹر (کاٹ لیں)دو عدد،ہری مرچ چار عدد،لال مرچ(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا پاؤڈرایک چائے کا چمچ،سفید مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ،ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، دار چینی ایک ٹکڑا، کڑی پتا دو عدد، لونگ چار عدد،بڑی الائچی دو عدد،ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، بادیان کے پھول دو عدد، تیز پات دوعدد، چکن پاؤڈر ایک چائے کا چمچ اور تیل حسبِ منشاء۔

سجاوٹ کے لیے: تھائی لال مرچ(کاٹ لیں) اور ہرا دھنیا (پتّے صاف کرکے باریک کتر لیں)، حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کرلیں۔ اب اس میں ثابت کالی مرچ، ثابت سفید زیرہ، دارچینی، تیز پات، لونگ، بڑی الائچی، ثابت دھنیا، بادیان کے پھول اور ادرک ،لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ پھر ٹماٹر، آلو، گاجریں، مٹر اور پھول گوبھی ڈال کر ذرا سا بھوننے کے بعدہری مرچ، لال مرچ ، دھنیا پاؤڈر، نمک ،چکن پاؤڈر ، سفید مرچ اورحسبِ منشاء پانی ڈال کے ڈھکن ڈھک کر پانچ سے دس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں، تاکہ سبزیاں گل جائیں۔ جب سبزیاں گل جائیں،توبندگوبھی ، شملہ مرچ اورگرم مسالاڈال کر بھون لیں۔اس کے بعدچاول ڈال کر تیز آنچ پر اتنا پکائیں کہ تین چوتھائی پانی خشک ہوجائے۔پھر دَم دے دیں۔سرو نگ سے قبل تھائی لال مرچ او ر ہرا دھنیا چھڑک دیں۔

چائینز گوبھی

اجزاء: پھول گوبھی ایک عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، کارن فلور دو کھانے کے چمچ، اجوائن ایک چوتھائی چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چائینز نمک آدھا چائے کا چمچ، سویا ساس ایک چائے کا چمچ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ اور کیچپ آدھی پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے پھول گوبھی کے پھول ثابت کاٹ لیں اور ڈنٹھل بھی الگ سے باریک کاٹ کےرکھ دیں۔ اب ایک پیالےمیں کارن فلور، نمک، ادرک، لہسن کا پیسٹ(ایک چمچ)، اجوائن، لال مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اتنا پھینٹیںکہ آمیزہ گاڑھا رہے، پتلا نہ ہو۔ اس کے بعد ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور ایک ایک کرکے گوبھی کے پھول کارن فلور کے آمیزے میں ڈبو کر سُنہری رنگت پر فرائی کر لیں۔ اب دوسرے پین میں تیل کڑکڑا کر پیاز فرائی کرکے اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، گوبھی کے ڈنٹھل، چائینز نمک، سویا ساس اور سرکہ ڈال کر بھون لیں۔ بعد ازاں، اس میں فرائی گوبھی کے پھول اور کیچپ ڈال کر ہلکی آنچ پرڈھکن ڈھک کر دَم دے دیں۔ یہ ڈش چاولوں کے ساتھ لُطف دے گی۔ (عافیہ رشید،اسلام آباد)

تازہ ترین