اسلام آباد( نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان میں چینی باشندوں کی نقل و حرکت رات کے اوقات میں بند کر دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، چینی باشندوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی جسمانی اور اسلحہ کا جائزہ لے کر رپورٹ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ چینی باشندوں کے رہائشی اور تعمیراتی مقامات پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔
چینی باشندوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نقل وحرکت سے قبل متعلقہ تھانوں کو آگاہ کریں۔یہ اقدامات داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر تعمیراتی ٹیم کو لے جانے والی ایک کوچ پر حملے کے بعد سکیورٹی انتظامات کے تحت کئے گئے ہیں۔
اس ضمن میں موصولہ اطلاعات کے مطابق اعلیٰ سطح اجلاس میں گلگت بلتستان کی پولیس نے خطے کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا ہے، اجلاس کے بعد جاری حکم نامے میں اس کے علاوہ خطے میں موجود چینی باشندوں کے محافظوں کے بارے میں چھان بین کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔